• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نظیر ہسپتال کے دو ڈاکٹروں کی 28مئی تک عبوری ضمانت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکا نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کے دونوں ڈاکٹروں کی 28مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ تھانہ وارث خان پولیس نے ڈاکٹر محمد مبین بشیر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ ڈاکٹر شعیب وڑائچ نے پہلے فون پر دھمکی دی کہ میں تمہیں ڈھونڈ رہا ہوں تمہیں ڈاکٹر طلحہ ہاشمی کی حمایت کا مزہ چکھائوں گا جس کے بعد رات کے وقت جب مدعی وائی ڈی اے (ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ) کیفے ٹیریا میں دیگر ڈاکٹروں کے ہمراہ موجود تھا ڈاکٹر شعیب وڑائچ اور ڈاکٹر شعیب تارڑ بیس پچیس ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے اور اس پر آہنی مکوں اور ڈنڈوں سے حملہ آور ہو گئے جس سے مدعی کے علاوہ ڈاکٹر ذیشان زخمی ہو گئے ۔مقدمہ میں نامزد دونوں ڈاکٹروں نے عدالت میں دائر درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا کہ مدعی مقدمہ نے مقامی پولیس سے غلط بیانی کے ذریعے ان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کروایا حالانکہ درخواست گزاروں کا ایسے کسی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مقدمہ کا مقصد صرف انہیں بلیک میل کرنا ہے۔ درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے 28مئی تک درخواست گزاروں کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
اسلام آباد سے مزید