• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیل چورنگی پر سیوریج لائن دھماکے سے پھٹ گئی، قریبی سڑکیں زیر آب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ کے سنگم پر جیل چورنگی کے قریب سیوریج لائن دھماکے سے پھٹ گئی جس سے قریبی سڑکیں زیر آب آگئیں،لائن پھٹنے کے باعث کراچی سینٹرل جیل، پی آئی بی اور عثمانیہ کالونی کی گلیوں میں پانی داخل ہوگیا،18 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی واٹر بورڈ انتظامیہ حرکت میں نہیں آئی تھی عملہ تاخیر سے معائنہ کرنے پہنچا،گٹر ابلنے کے باعث علاقے میں تعفن پھیل گیا اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، راہگیروں کو بھی شدید پریشانی کا سامناکرنا پڑا،عملے کے مطابق سیوریج کی لائن گذشتہ روز ڈمپر دھنس جانے کے سبب پھٹی ہے ،ٹریفک پولیس نے اس جگہ کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا تاکہ مزید کوئی گاڑی حادثے کا شکار نہ ہو،ذرائع کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج میں انتظامی تبدیلیاں اور ایم ڈی اسد اللہ خان کے ریٹائرمنٹ کے بعد صورتحال کنٹرول سے باہر ہوگئی ہے،نئے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز شہری ادارے کی صورتحال سے بے خبر ہیں،ذرائع کے مطابق نیوایم اے جناح روڈ پر یہ لائن گزشتہ تین روز قبل پھٹی تھی ، مرمت کا کام شروع نہ ہونے سے یونیورسٹی روڈ سے جیل روڈ آنے والا ٹریفک کا نظام کنٹرول میں نہیں آرہا ہے جبکہ شارع فیصل سے جیل روڈ اور کشمیر روڈ کی طرف آنے والا ٹریفک بھی شدید متاثر ہورہا ہے اور گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسی رہتی ہیں،واٹر بورڈ ذرائع کے کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر سیوریج گلشن اقبال تابش رضا کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا تھا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید