راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں تین افرادزخمی ہوگئے ۔تھانہ ائرپورٹ کو عطیہ بی بی نے بتایا کہ ندیم گل میرا مالک مکان اکثر و بیشتر مجھ سے الجھتا رہتا ہے ،گزشتہ روز بھی ندیم گل نے مجھ سےگالی گلوچ کی اور میرے منع کرنے پر 3 نامعلوم اشخاص کے ہمراہ مجھ پر حملہ آور ہوئے ،ندیم گل نے مجھے ناک پر مکامارا جس سے میں زخمی ہوگئی پھر تینوں نے مل کر مجھے مارا پیٹا اور اس دوران ندیم گل کی بیوی نگہہت بی بی بھی آ گئی اس نے مجھے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا ۔تھانہ مورگاہ کو مرزا عبدالعز بیگ نے بتایاکہ اپنے دوست طلحہ رفاقت کیساتھ موٹرسائیکل پرفاؤنڈیشن یونیورسٹی لالہ زار آرہا تھا ،اس دوران ایوب پارک کے سامنے فاؤنڈیشن یونیورسٹی موڑ کے راستے پر سلمان کبیراور عبداللہ کلیم نے دیگر سات آٹھ نامعلوم افراد کے ہمراہ جو کہ مسلح ڈنڈے اور آہنی مکے تھے میرا راستہ روک لیا سلمان کبیراور عبداللہ کلیم نے جوکہ مسلح پستول تھے مجھ سے گالم گلوچ کی اور تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، راہ گیروں کی مداخلت اور منت سماجت کی وجہ سے میں بڑی مشکل سے اپنی جان بچاکر بھاگا۔تھانہ صدر بیرونی کو ذیشان حفیظ نے بتایا میں اپنے گھر پر موجود تھا کہ اسی اثناء میں گھر کے باہر شور شرابے کی آواز آئی جب میں باہر نکلاتو دیکھا کہ چودھری سلطان ، فرحان بختاور مسلح پسٹل 30بور موجود تھے اور لوگوں کے گھروں میں پرچیاں پھینک رہے تھے جو مجھے اور میری ماں کو غلیظ گالیاں نکال رہے تھے جب میں نے آگے بڑھ کر انھیں روکنے کی کوشش کی تو دونوں نے مجھ پر پسٹل سیدھے کر لیے جو میں رک گیا دونوں مجھے اورمیری ماں کو گالیاں دیتے رہے، چودھری سلطان نے للکارامارکرکہا کہ آیندہ اگرتم میرے کسی کام میں دخل انداز ہوئے تو تمھیں جان سے ماردونگا اہل محلہ کے جمع ہونے پر دونوں اپنے موٹر سائیکل پر بھاگ گئے ان کے جانے کے بعد جب میں نے ان کی پھینکی ہوئی پرچیاں اٹھائیں تو ان پر میرے اور میری ماں الفت بی بی کے متعلق انتہائی غلیظ الفاظ تحریر تھے ۔