• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو چین سے لازوال و مضبوط دوستی پر فخر ہے‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہر ی نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کی 71ویں سالگرہ کے موقع پرچینی صدر شی چن پنگ، پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ ، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ پاکستان کوچین سے اپنی لازوال اور مضبوط دوستی پر فخر ہے ۔ پاک چین دوستی سدابہاراور منفرد ہے اور وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوتی جارہی ہے ۔سی پیک منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا تعلقات کے حوالے سے ہمارے باہمی عزم کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا سفر دہائیوں پر محیط ہے اور اس کا دائرہ کار تمام شعبہ ہائے زندگی تک وسیع ہو چکا ہے ۔چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔ یہ وہ مبارک دن ہے جب دونوں ممالک نے دوستی کے پودے کا بیج بویا تھا جو 71 سال میں ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت ،ہر مشکل وقت اور اہم موقعوں پر چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور اسی طرح کا رویہ پاکستان نے بھی پیش کیا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری نے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ سی پیک کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور یہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس وقت پاکستان میں ہزاروں چینی باشندے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور پاکستانیوں کو انتظامی اور تکنیکی مہارت سے روشناس کرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہوتی اور بزدل دشمن اکثر اس دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتا رہتا ہے لیکن ہمارے سیکورٹی اداروں نے ہمیشہ ان شاطر اور بزدل دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا ۔

کوئٹہ سے مزید