پشاور(جنگ نیوز)پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کےصدر خالد فاروق ملک، سینئر نائب صدر حاجی وحید، نائب صدر ایاز خان اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان کی ہدایات پر کمشنر پشاور ریاض محسود نے منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز میں منتقل کرکے ان افراد کے علاج معالجے اور دیگر ضروریات زندگی کیلئے اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ منشیات کے عادی افراد بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں۔ کمشنر پشاور ریاض محسود سے گزارش ہے کہ اس اقدام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ ایسے افراد جو کہ احساس کمتری میں بھی مبتلا ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہو اور علاج معالجے کے بعد اس معاشرے کے باعزت شہری کی حیثیت سے اپنی زندگی گزار سکیں۔ بزنس کمیونٹی سے درخواست کرتے ہیں کہ ایسے منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز میں منتقل کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دے۔ اور جاری کردہ کنٹرول روم نمبر 1052 پر اطلاع دے تاکہ منشیات کے عادی افراد کو وہاں منتقل کرکے ان کا علاج کیا جا سکے اور اس معاشرے کا ایک باعزت شہری بنایا جا سکے۔ کمشنر پشاور ریاض محسود اور قانون سازی کرنے والے اینٹی نارکوٹکس حکام بالا سے اور معزز عدالتوں سے اپیل ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔ تاکہ ہماری نوجوان نسل کو اس منشیات کی تباہ کارئیوں سے بچایا جا سکے۔ منشیات کی روک تھام کے لیے پشاور چیمبر اور اراکین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔