راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)اتحادی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے تین اہم رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور شیریں مزاری کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کے معاملے پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے،وزیراعظم اپوزیشن ارکان کے استعفوں کے حوالے جلد فیصلہ کرینگے،ضمنی الیکشن پرمشترکہ امیدوار لائینگے۔ذرائع کے مطابق اتحادی ارکان کی رائے ہے کہ تینوں ارکان نے ایوان میں اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کر رکھا ہے لہٰذا تینوں ارکان کے استعفے منظور کرکے ضمنی الیکشن کرائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ارکان کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفے منظور کر کے ضمنی الیکشن کرانے کی تجویز دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفے منظور کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو دے دیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن ارکان کے استعفوں کے حوالے جلد فیصلہ کریں گے، ضمنی الیکشن کی صورت میں تینوں نشستوں پر مشترکہ امیدوار سامنے لائے جا سکتے ہیں۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ارکان کے علاوہ پی ٹی آئی کے کسی بھی رکن نے اپنے مستعفی ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔