• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ بجٹ میں 1155 ارب کے اضافی ٹیکسوں کی تجویز

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی حکومت کی جانب سے 12994ارب روپے کے مجموعی اخراجات پر مشتمل آئندہ مالی سال 2022-23 کا وفاقی بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، 1155 ارب کے اضافی ٹیکسوں کی تجویزہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق معاشی شرح نمو سمیت اہم معاشی اہداف طے کرنے کے لیے سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی ( اے پی سی ) کا اجلاس چار جون کو طلب کرلیا گیا ہے جس کے بعد قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں سالانہ ترقیاتی منصوبے اور پی ایس ڈی پی کی منظوری دی جائے گی۔ 

اجلاس میں اگلے سال وفاقی ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اگلے مالی سال کے لیے جی ڈی پی گروتھ کے ہدف کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ مہنگائی، برآمدات، درآمدات، ترسیلات زر کے اہداف بھی اسی اجلاس میں طے کیے جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے 1155 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے، آئندہ مالی سال کے لیے ایف بی آر کیلئے ٹیکس وصولی کا ہدف 7255 ارب روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے،اس میں کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 843 ارب روپے کی وصولی کا ہدف اور ترقیاتی پروگرام کے لیے 700 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دفاع کی مد میں 1586 ارب روپے خرچ کیے جانے کی تجویز ہے، آئندہ مالی سال کے دوران قرض اور قرض پر سود کی ادائیگیوں کی مد میں 3523 ارب روپے ادا کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی اخراجات کا تخمینہ 12994 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید