• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کے مہنگائی، بیروزگاری، سودی نظام کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی،بیروزگاری اور سودی نظام کے خلاف اتوار کوملک بھرمیں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سراج الحق نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں ،PTIکے لگائے زخموں میں اتحادی حکومت اضافہ کررہی ہے،سود ختم کیاجائے۔لاہورمیں منصورہ ملتان روڈپراحتجاج کیا گیا، جس میں امیرالعظیم، ذکراللہ مجاہدسمیت دیگرقائدین نے خطاب کیا۔ بونیر میں احتجاجی جلسے اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی حکومت پی ٹی آئی کے دئیے گئے زخموں میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے ، پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ قرضوں کے ساتھ تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف دو ٹوک فیصلہ دیا ہے ،اگر حکومت نے سود فری بجٹ پیش نہ کیا تو عوام اس کو برداشت نہیں کریں گے۔ آئی ایم ایف کی ایماءپر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا یک مشت اضافہ مسترد کرتے ہیں ،اسی طرح بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی بات کی جا رہی ہے جو قابل قبول نہیں ہو گا۔حکمران نئے ہوں یا پرانے،عوام کے لیے پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور لوڈشیڈنگ کا عذاب یکساں ہے ،وزیراعظم کا ہر گھرانے کو دو ہزار روپے دینے کا اعلان قوم کے ساتھ مذاق ہے، 22 کروڑ عوام کو مہنگائی کے سمندر میں غرق کر دیا گیا،ملک میں وسائل کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی اہلیت، صلاحیت اور وژن کا شارٹ فال ہے،ایک بار پھر ثابت ہو رہا ہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کے پاس کوئی انقلابی ایجنڈا نہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی و بے روزگاری کی زنجیر میں باندھ کر لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کر دیا۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے سے ان ظالم حکمرانوں نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ۔

اہم خبریں سے مزید