لندن (مرتضیٰ علی شاہ) وزیراعظم اور ملکہ نے سرکردہ برٹش پاکستانی ویمن رائٹس کمپینر شائستہ گو ہر کو ہاؤس آف لارڈز میں نان پولیٹیکل پیئر مقرر کر دیا۔ شائستہ گوہر نے ہاؤس آف لارڈز میں بیرونس کے طور پر تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بڑا اعزاز قرار دیا۔ مسلم ویمن نیٹ ورک یو کے کی سی ای او شائستہ گوہر نے مسلم خواتین کے حقوق کیلئے بلاخوف و خطر کمپیننگ کی اور ایکسٹریم ازم و ریڈی کلائزیشن کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے نام روشن کیا۔ شائشتہ گوہر کے والدین کا اصل تعلق دولتالہ تحصیل گوجر خان ڈسٹرکٹ راولپنڈی سے ہے۔ وہ 1960 کے اوائل میں انگلینڈ منتقل ہوئے تھے، شائستہ گوہر نے جیو اور جنگ کو بتایا کہ وہ اپنی این جی او نسا گلوبل فائونڈیشن کے پلیٹ فارم کو پاکستان سمیت ترقی پذیر ملکوں میں خواتین اور لڑکیوں کی سپورٹ کیلئے استعمال کریں گی جو گزشتہ سال قائم کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میں پاکستان میں لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں اور پاکستان اور کسی بھی جگہ اس ایریا میں کام کرنے والی این جی اوز کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔ جنوبی ایشیا کی خواتین میں بہت زیادہ صلاحیت ہے۔