• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے روایتی حسن کی بحالی کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں ،ایڈمنسٹریٹر

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن عبدالجبار بلوچ نے کہا ہےکہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کے روایتی حسن کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششیں ناگریز ہیں ، بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر کارروائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا ،یہ بات انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران کی تعارفی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی اور سیکرٹری بلدیات دوستین خان جمالدینی کی ہدایات کی روشنی کوئٹہ کو صوبے کا خوبصورت شہر بنانے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نظام میں جدت لانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ، تجاوزات کے خاتمے ، شہر اور مضافات میں خراب اسڑیٹ لائٹس کی بحالی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تاجر برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔پیدائشی سرٹیفیکٹس کے اجراء ، نکاح نامہ کی رجسڑیشن کا عمل مزید آسان بنانے اور شہریوں کی شکایات کے جائزے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی غیرحاضری برداشت نہیں کی جائے گی ۔شہر میں صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائینگے اور میں خود بھی شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کروں گا ۔
کوئٹہ سے مزید