کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ میں شر کت کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم جکارتا سے لاہور واپس پہنچ گئی۔ٹیم نے ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ کپتان عمر بھٹہ نے وطن واپسی پر جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے خلاف12کھلاڑیوں کی موجودگی غلط فہمی کا نتیجہ تھا، اس غلطی کی وجہ سے ہمارا گول مسترد ہوا اورہم وکٹری اسٹینڈ اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے۔ قوم سے معافی مانگتا ہوں، 12کھلاڑیوں کی گرائونڈ میں موجودگی کے ذمے دار میچ کے ٹیکنیکل آفیشلز بھی ہیں ، ہماری ٹیم انتظامیہ سے بھی غلطی ہوئی، بطور کپتان میں نے بھی اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہماری کار کردگی بہتر رہی، جاپان کے ساتھ دو گول مسترد ہوئے ورنہ ہم جیت جاتے، نئے کھلاڑیوں نے اچھی پرفار منس دی کئی اچھے کھلاڑی سامنے آئے جن کی کار کردگی متاثر کن رہی، انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی نے طلب کیا تو پیش ہوں گا۔ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کریں گے، وہاں مقابلے سخت ہوں گے، ورلڈ کپ میں رسائی حاصل نہ کرنے کا ہمیشہ افسوس رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید نہیں کہ 2027ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کے ساتھ رہ سکوں گا، مگر کوشش ہوگی کہ اپنی فٹنس پر توجہ مرکوز رکھ کر خود کو ٹیم کا حصہ بناسکوں۔