کراچی(مانیٹرنگ نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہاہےکہ عمران حکومت کے IMFسےظالمانہ معاہدے آج بھی قوم بھگت رہی ہے، حکومت ملک کی معاشی بنیادیں مضبوط کررہی ہے، کچھ وقت میں پاکستان بحرانوں سے نکل آئیگا، مسلم لیگ ن ہی ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی ردعمل پر ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت مشکل ترین معاشی حالات میں بھی پوری محنت اور توجہ سے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سرتوڑ کوشش کررہے ہیں، مریم نواز نے یقین دہانی کروائی کہ انشا اللّٰہ آئندہ دنوں میں بہتری آئے گی۔سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان دور کے ظالمانہ معاہدے آج بھی قوم مہنگے پٹرول اور مہنگی بجلی کی صورت میں بھگت رہے ہیں، مہنگائی نے گزشتہ 4 برس سے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، حکومت ملک کی معاشی بنیادیں مضبوط کررہی ہے، مسلم لیگ ن ہی ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ باقی شرپسندی کی طرح اس کال پر بھی ایک بندہ نہیں نکلا، عوام ناصرف اس فتنے، تخریب کار اور بھگوڑے کو جان چکی ہے بلکہ عوام کو یہ بھی معلوم ہے کہ عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ابھی کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔