• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم پر فائرنگ مقدمہ درج، گرفتاری کیلئے چھاپے فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی واقعہ کی مذمت

ملتان (سٹاف رپورٹر)صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم پر فائرنگ پرپولیس نے ایک نامزد جبکہ 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، واضح رہے کہ 3جون کو رات صدر ملتان پریس کلب پر جہانگیر بھٹی نے چوک فوارہ کے قریب 6 نامعلوم افراد کے ہمراہ فائرنگ کی،تاہم فائرنگ میں شکیل انجم محفوظ رہے،تاہم فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ،تاہم ملزم جہانگیر بھٹی ساتھیوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا، تھانہ چہلیک پولیس نے صدر ملتان پریس کلب کی درخواست پر جہانگیر بھٹی اور 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،دریں اثنا فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس صدر ظفر الاسلام کی صدارت میں ہوا جس میں شکیل انجم پر فائرنگ و قاتلانہ حملہ کے خلاف قرارداد مذمت پاس کی گئی اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ فائرنگ کے مرتکب افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ،ظفر الاسلام نے کہا کہ شکیل انجم ذمہ دار اور سینئر صحافی ہیں وہ پریس کلب کے دسویں بار منتخب ہونیوالے صدر ہیں، انہوں نے کہا کہ آر پی او اور سی پی او فائرنگ کےواقعہ کا نوٹس لیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کریں بصورت دیگر صحافی برادری بھرپور احتجاج کرے گی اجلاس میں شہزاد انور ، خالد چوہدری ،محمد صفدرعباس ، امتیاز اعوان ،عاصم تنویر ،عامر قریشی ،سرفراز علی ،عقیل چوہدری ،شہزاد قریشی ،صدیق انجم ،شکیل چوہدری ،قاسم غوری ،عاطف انصاری ،خالد انصاری ،زین العابدین ،جعفر رضا دیگر نے شرکت کی۔
ملتان سے مزید