• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ڈے سیریز کی تیاریاں، ملتان میں کالی آندھی، ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم پہنچ گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نکولس پوران کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی 26 رکنی کرکٹ ٹیم پیر کو پاکستان کے خلاف تین ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلنے براستہ اسلام آباد، ملتان پہنچ گئی۔ منگل کی شام کو پوران اور بابر اعظم الگ الگ پریس کانفرنس کریں گے۔ میچ سے قبل دونوں ٹیمیں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی۔ پیر کی شام کو کچھ پاکستانی کرکٹرز نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کالی آندھی کے نام سے مشہور کیریبین ٹیم اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے انٹر نیشنل بدھ کی شام چار بجے شروع ہوگا۔ پیرکی صبح مہمان ٹیم کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے ان کا استقبال کیا ۔ مہمان ٹیم کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچایا گیا۔ ٹیم نے ہوٹل پہنچ کر مکمل آرام کیا۔ ملتان میں موسم سخت گرم ہے اور یہی وجہ ہے کہ شائقین کرکٹ کی جانب سے جوش وخروش نہیں دکھایا جارہا۔ یہ دوسرا موقع ہوگا کہ جب ویسٹ انڈین اسکواڈ کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے ملتان پہنچا ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں 13دسمبر 2006کو مدمقابل آئیں ، جہاں مارلن سیمیولز نے 91 گیندوں پر 100رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہوا ہے۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بائیو سکیور ببل نہیں ہو گا مگر کھلاڑیوں کو کوویڈ ٹیسٹ کے مرحلے سے ضرور گزرنا پڑے گا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کےا سکواڈ میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سعود شکیل، آصف آفریدی، حیدر علی، آصف علی اور عثمان قادر ڈراپ کر دیے گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے آخری بار 1991 میں پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی جب رچی رچرڈسن کپتان تھے اور پاکستان کی قیادت عمران خان کر رہے تھے۔1993میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز 2-2سے برابر رہی تھی۔ پاکستان نے 2002میں ویسٹ انڈیز کیخلاف متحدہ عرب امارات میں ون ڈے سیریز جیتی، 2005میں ویسٹ انڈیز کو اسی کے ہوم گراؤنڈ پر ہی شکست دی،2006کے دوران پاکستان میں ہرایا،2008میں یو اے ای میں شکست دی، 2013 میں ویسٹ انڈیز، 2016میں یو اے ای اور 2017میں ویسٹ انڈیز کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان134میں سے 71میچز ویسٹ انڈین ٹیم نے جیتے جبکہ 60 میچوں میں پاکستان فتح یاب رہا اور تین میچز غیر فیصلہ کن رہے۔

اسپورٹس سے مزید