• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی جے پی رہنما کا گستاخانہ بیان، فیصل قریشی کا بھارت کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ

فیصل قریشی کا بی جے پی رہنما کے گستاخانہ بیان پر شدید ردعمل
فیصل قریشی کا بی جے پی رہنما کے گستاخانہ بیان پر شدید ردعمل

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر شدید ردّعمل دیتے ہوئے پاکستان کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھارت پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔

فیصل قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ابھی جو مسئلہ چل رہا ہے جس پر ہر ایک کو بات کرنی چاہیے، اُس پر سب اتنے خاموش کیوں ہیں؟‘

اداکار نے کہا کہ ’بھارت میں ایک خاتون نے ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیان دیا ہے جس پر تمام اُمتِ مسلمہ بھارت کا بائیکاٹ کر رہی ہے لیکن ابھی تک ہماری طرف سے کافی خاموشی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اس پر بات کرنی چاہیے، باقاعدہ بائیکاٹ ہونا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب مجھے مختلف جگہوں پر کچھ چیزیں اور تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں تو تکلیف ہوتی ہے کیونکہ میرے لیے اور تمام اُمتِ مسلمہ کے لیے نبی کریم ﷺ کی ذات سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے تمام پاکستانیوں اور اُمتِ مسلمہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ آپ اس پر بات کریں، اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں کیونکہ اب پانی سر سے گُزر چکا ہے۔‘

واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید