کراچی کے علاقے گلبائی میں گودام میں لگنے والی خطرناک آگ کو شہر بھر کے فائر ٹینڈرز نے مل کر بھجایا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق4 گھنٹے کی کوششوں سے آگ بھجا دی گئی۔
گودام مالک نے دعویٰ کیا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ لگنے کے 5گھنٹے بعد پہنچیں اور ایک کروڑ روپے کے کپڑے جل گئے۔
یہ ہے کراچی کے علاقے گلبائی میں واقع کپڑے کا گودام، جس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ فائر آفیسر امتیاز کے مطابق اتوار کی رات 9اور 10بجے کے درمیان گودام میں آتشزدگی کی اطلاع ملی۔
آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہر بھر کے فائر ٹینڈرز طلب کئے گئے۔ پہلے گودام کے سامنے والے حصے کو خالی کرایا گیا، تاہم گودام کے ایک کونے میں آگ کی شدت زیادہ تھی، جس کے باعث آگ بھجانے میں شدید دشواری پیش آئی۔
بالآخر 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ ریسکیو کام کی قیادت کرنے والے فائر آفیسر امتیاز کا مزید کہنا تھا کہ 24فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ بھجائی گئی۔
ادھر گودام کے مالک کا دعویٰ ہے کہ آگ اتوار کی شام 5بجے لگی تھی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ 5گھنٹے تاخیر سے پہنچا، جس کے باعث ایک کروڑ روپے مالیت کے کپڑے جل گئے۔
آگ بھجانے میں تاخیر کی وجہ گودام کی ساخت کے علاوہ گودام کے اندر بنے پیچیدہ اور تنگ رستے بتائے جاتے ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ایک کونے کے علاوہ گودام کے باقی حصوں میں موجود کپڑوں کو جلنے سے بچا لیا گیا ہے۔