کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء کا کہنا ہے کہ رمیز راجا میری وجہ سے چیئرمین شپ پر برقرار نہیں ہیں، نہ میں نے ان کے لئے کسی اہم شخصیت کو فون کیا تھا۔اس کیس میں مجھے خواہ مخواہ ملوث کیا گیا ہے۔ میری ذاتی رائے میں حکومت تبدیل ہونے کے ساتھ پی سی بی میں تبدیلی کی روایت ختم ہونی چاہیے۔ رمیز راجا کو معیاد پوری کرنے سے نہیں روکنا چاہیے بلکہ نجم سیٹھی کو بھی کام کرنے کے لئے عہدے کی معیاد پوری کرنے کی اجازت دینی چاہیے تھی۔ بدھ کو نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے توقیر ضیا ء نے کہا کہ میرے بارے میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن خبر چلائی گئی اور اس خبر کے مطابق میں نے رمیز راجا کو دو ہفتے کی توسیع دلوائی تھی۔میری رمیز راجا سے آخری ملاقات دو تین ماہ قبل ان کے بیٹے حیدر کی شادی میں ہوئی تھی۔ میں ریٹائرڈ لائف گذار رہا ہوں اور گالف کھیل کر انجوائے کرتا ہوں ۔ کرکٹ بورڈ یا حکومتی شخصیات سے ایسا تعلق نہیں ہے کہ میرے فون سے کسی کو توسیع مل جائے۔ اس بات کا حامی ہوں کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے۔ حکومتوں کے ساتھ پی سی بی میں تبدیلی اچھی روایت نہیں ہے ہر چیئر مین اپنا پلان لے کر چلتا ہے اسے پورا وقت ملنا چاہیے۔