کوئٹہ(پ ر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کا ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن عبدالجبار بلوچ ودیگر افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ، سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کے حوالے سے دکانداروں اور شہریوں سے حقائق معلوم کئے اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیاپر وائرل ہونے والی ویڈیو میں الزام عائد کیاگیا تھا کہ قندھاری بازار میں نالے پر لگا ڈھکن میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اہلکار چوری کرکے لے جارہے ہیں جس کا ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سینی ٹیشن حکام ، شہریوں اور دکانداروں سے الگ الگ بریفنگ لی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ عملہ ڈھکن سینی ٹیشن سٹور میں لے جانے کے لئے اٹھارہا تھا جسے ویڈیو بنانے والے نے غلط رنگ دینے کی کوشش کی ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر نے قندھاری بازار ،لیاقت بازار و دیگر علاقوں کا دور ہ کیا اورتجاوزات کے خلاف کارروائی ، صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔