• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کے بائیں ہاتھ کا کھیل، پاکستان کو فتح سے نواز دیا، دوسرا ون ڈے جیتا، سیریز بھی نام کرلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل رائونڈر محمد نواز نے بائیں ہاتھ کے کمال دکھا کر دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو فتح سے نواز دیا، میچ کے ساتھ سیریز بھی ہوم ٹیم کےنام ہوگئی ۔ یہ پاکستان کی کیریبینز کے خلاف مسلسل دوسویں ون ڈے سیریز فتح ہے۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 120 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، محمد نواز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سیریز کا آخری ون ڈے اتوارکو کھیلا جائے گا۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 155 رنز پر سمٹ گئی۔ محمد نواز نے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نوجوان فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے 3، شاداب خان نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ لی۔ ویسٹ انڈیز کے آخری سات وکٹ صرف 53 رنز پر گرگئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ میچ کے سنچورین شائے ہوپ کو صرف 4 رنز پر پویلین پہنچایا ۔ بروکس نے 42 جبکہ میئرز نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران 25 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرسکے۔قبل ازیں جمعہ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے8 وکٹ پر275رنز بنائے۔کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے ایک بار پھر بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان کے علاوہ کوئی بیٹر25رنز بھی نہ بناسکا۔سخت گرمی کے باوجود ویسٹ انڈیز نے اچھی بولنگ کی اور پاکستان کو بڑااسکور بنانے کا موقع نہیں دیا۔امام الحق نے مسلسل چھٹی اننگز میں نصف سنچری بنائی۔پہلے ون ڈے کے سنچری میکر بابر اعظم نے سب سے زیادہ77رنز 93گیندوں پر بنائے۔ان کی اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔امام الحق72رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔انہوں نے72گیندیں کھیلیں اور چھ چوکے مارے۔ امام اور بابر اعظم نے27ویں اننگز میں8ویں سنچری شراکت قائم کی۔دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ پر128گیندوں پر120رنز بنے۔بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان42رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔بابر اعظم نےکیریئر کی 86 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔جنوبی افریقا کے ہاشم آملا نے 86 اننگز کے بعد 4434 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم نے اپنی اننگز کے 70 رنز مکمل کرکے ہاشم آملا کو پیچھے چھوڑا اس سے قبل بابر نے 85 اننگز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی بنالیا تھا۔ ہاشم آملا 29 اننگز سے 84 اننگز میں بہترین مجموعہ تمام ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں۔ اوپنر فخر زمان17 رنز بناسکے اور مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ہوئے ۔ محمد رضوان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث پہلی باربیٹنگ کے لئے آئے اور چھ رنزبناکر آئوٹ ہوگئے۔ شاداب خان23گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھے۔ خوش دل شاہ 22 رنز 31 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے اسکور کئے۔ محمد وسیم جونیئر جو حسن علی کی جگہ ٹیم میں آئے تھے انہوں نے13گیندوں پر17 ناٹ آئوٹ رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے3 چوکوں کی مدد سے15رنز 6گیندوں پر بنائے۔ ویسٹ انڈین بولنگ نے پاکستانی ٹیم کو آزادانہ اسٹروکس کھیلنے نہیں دیئے۔ اسپنر عقیل حسین نے52 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ الزاری جوزف نے33 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سیلز کی جگہ ٹیم میں آنے والےاینڈرسن فلپ نے50 رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔پاکستان نے حسن علی کو آرام دیا۔

اسپورٹس سے مزید