اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ‘این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب قوانین میں تبدیلی پر سپریم کورٹ جارہے ہیں ‘امپورٹڈ حکومت نے قبائلی اضلاع کا بجٹ کم کر دیا ہے‘.
پٹرول 270روپے لیٹر ہونیوالا ہے ‘ سارا ملک اور ادارے ٹرائل پر ہیں‘پتا حکومت کس صورت حال میں ملک چھوڑ کر جائےگی‘ اس سے مجرموں کی سرکارکی نااہلی اوربدنیتی عیاں ہے‘.
الیکشن کی تاریخ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،پی ٹی آئی تمام حلقوں میں بلے کے نشان پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، حکومت کے پاس معیشت کی بہتری کیلئے کوئی پلان نہیں ‘اب یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں پھنسایا گیا ہے، اگر آپ کو پھنسایا گیا ہے تو الیکشن کا اعلان کردیں، ساری قوم کی نظریں نیوٹرل پر ہیں ۔
اتوار کوعمران خان سے بار ایسوسی ایشن میاں چنوں کے وفد نے ملاقات کی‘ ملاقات میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جلد بڑے لانگ مارچ کا اعلان کروں گا۔
دریں اثناء ایک انٹرو یومیں انہوںنے کہا کہ یہ لوگ این آر او ٹو لیتے لیتے اداروں کو تباہ کردیں گے۔پیٹرول 270 روپے فی لیٹر ہونے جا رہا ہے۔یہ بجٹ زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ ماہ چلے گا۔
ان کا مزیدکہناتھاکہ موجودہ حکومت کے لیے انتخابی مہم چلانا اور الیکشن جیتنا بھی مشکل ہے۔
نیب قوانین میں تبدیلی پر سپریم کورٹ میں جارہے ہیں، سارا ملک اور ادارے ٹرائل پر ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج کروں گا، دیکھتے ہیں جمہوری حق کوتسلیم کیا جاتا ہے یا نہیں، اگرپرامن احتجاج کا حق نہیں توکہہ دیں کہ ملک میں جمہوریت ختم ہوگئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نہیں پتا حکومت کس صورت حال میں ملک چھوڑ کر جائےگی، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔
دریں اثناءعمران خان نے قبائلی اضلاع کے بجٹ میں کمی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی خصوصی ضروریات کے پیش نظر میری حکومت نے تین گنا اضافے کے ساتھ ان کی فنڈنگ 131ارب کی ، امپورٹڈ حکومت نے بجٹ میں محض 110ارب رکھتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کم کیا.
امپورٹڈ حکومت نے بے گھر آبادی کیلئے ایک پائی مختص کی نہ ہی موجودہ بجٹ میں ایک روپے کا اضافہ کیا ، اس سے مجرموں کی سرکار کی نااہلی اور بدنیتی عیاں ہے۔