کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے گرم موسم میں ملتان میں تین ون ڈے انٹر نیشنل میچوں کے دوران سیریز کھیلنے پر ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم ،کوچ فل سمنز اور سلیکٹر ڈیسمنڈ ہینز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے بعد اب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بھی ملتان لانے کی کوشش کریں گے۔ تیسرے ون ڈے کے بعد رمیز راجا نے کہا ہم کوشش کریں گے کہ پی ایس ایل کے میچز بھی ملتان میں کرائیں، اتنی گرمی میں دونوں ٹیموں نے یہاں کرکٹ کھیلی یہ بالکل بھی آسان نہیں تھا۔ ملتان کے پرجوش تماشائیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شائقین نے جس بڑی تعدادمیں گراؤنڈ میں آکر منظم انداز میں میچ دیکھا اس کی جس قدر تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ ملتان اور فینز آپ کا شکریہ، گرمی میں کھیلنا آسان نہیں تھا، پاکستان سپر لیگ کے میچز ملتان میں کرانے کی کوشش کریں گے۔ رمیز راجا نے پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کامیابی پر مبارک باد دی ہے جبکہ مہمان ٹیم کا پاکستان آنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم جس طرح متحد ہوکر کارکردگی دکھا رہی ہے اس کا نتیجہ گراؤنڈ میں دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم آپ کو شائقین سپورٹ کرتے ہیں، بابر اعظم آپ کی ٹیم کو بہت مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ اسٹاف نے بہت اچھا کام کیا ہے انہیں بونس دیا جائے گا۔تقریب تقسیم انعامات میں ہیڈ کیو ریٹر ریاض احمد سے شاداب خان کو اس لئے ٹرافی دلائی ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہے۔گراؤنڈ اسٹاف نے گرم موسم میں بہت اچھا کام کیا ہے۔