• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں آئسکریم و قلفی فیکٹری سیل‘10ملک شاپس کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ اور ناقص اشیاء کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کوئٹہ میں ایک آئسکریم و قلفی فیکٹری سیل جبکہ10 ملک شاپس پر جرمانے عائد کردئیے ۔ خروٹ آباد میں خفیہ اطلاع پر آئسکریم فیکٹری کو چیک کیا گیا جہاں صفائی و اسٹوریج کا نظام انتہائی خراب ، آئسکریم (قلفی) کی تیاری کیلئے استعمال کئے جانے والے سانچے زنگ زدہ، مشینری و واٹر ٹینک آلودہ پائے گئے جبکہ حتمی مصنوعات پر تیاری و میعاد ختم ہونے کی تاریخیں بھی موجود نہیں تھیں جس پر فیکٹری کو سربمہر کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ دودھ میں ملاوٹ پر قابو پانے کیلئے بی ایف اے کی خصوصی ملک سیفٹی ٹیموں نے ائیرپورٹ روڈ ، جناح روڈ اور مری آباد میں ملک شاپس کا معائنہ کیا ، متعدد مراکز سے ملک سیمپلز لیکر موقع پر ٹیسٹ کرنے پر 10 ملک شاپس میں ملاوٹ پائی گئی جبکہ دکانوں کے مالکان کے پاس بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس بھی موجود نہیں تھے ، جس پر مذکورہ ملک شاپس پر جرمانے عائد کئے گئے۔ کوئٹہ کی طرح صوبے کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی بی ایف اے زونل ٹیموں کی جانب سے مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا ، قلات میں بی ایف اے حکام نے ناقص صفائی ، زائدالمیعاد کولڈڈرنکس ، مصالحے اور بچوں کے کھانے کی ایکسپائرڈ مصنوعات و مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز کی فروخت پر 3 بیکرز اور ایک جنرل اسٹور کے خلاف کارروائی کی ۔مذکورہ چاروں دکانوں سے برآمد شدہ مضر صحت خوردنی اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ اوستہ محمد میں بی ایف اے زونل حکام نے صفائی کی ابتر صورتحال اور پکوان میں مضر صحت چائنیز نمک کی آمیزش پر 2 ہوٹلوں پر جرمانے عائد کئے۔
کوئٹہ سے مزید