کوئٹہ (خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے سریاب روڈ توسیعی منصوبے کے کام کا جائزہ لیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت کی روشنی میں منصوبے کے معیار اور اسکی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ پیکج کے تحت سریاب روڈ کی توسیع کا منصوبہ طویل مدت سے تعطل کا شکار تھا اور منصوبے کے ڈیزائن میں پائی جانی والی خامیوں کے باعث منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا ۔تاہم وزیراعلیٰ نے اپنا منصب سنبھالتے ہی منصوبے کا متعدد بار معائنہ کیا اور علاقے کے لوگوں کو منصوبے میں تعطل کے باعث درپیش مشکلات کا سختی سے نو ٹس لیتے ہوئے منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے دوبارہ کام کے آغاز کی ہدایت کی تھی ۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل کی مدت کا ہدف بھی مقرر کیا تھا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں ڈئیزائن کی خامیوں کو دور کرتے ہوئے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کمشنر کوئٹہ جو کوئٹہ پیکیج کے پر اجیکٹ ڈائریکٹر بھی ہیں نے ڈ پٹی کمشنر کوئٹہ کو منصوبے کی نگرانی کا ٹاسک دیا جنکی کوششوں کے نتیجے میں سڑک کے اسفالٹ کے کام کا آغاز کردیا گیاہے اور اس ماہ کے اختتام تک چار کلومیٹر اسفالٹ مکمل کر لیا جائے گا۔ علاقے کے عوام کی جانب سے منصوبے کی تیز رفتار تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جارہاہے۔