ملتان (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نیب قوانین میں ترامیم کرکے خود کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، خراب ملکی حالات کے دعوے کرنے والوں نے حکومت اسی لیے سنبھالی کہ وہ اپنے اوپر قائم مقدمات ختم کرا سکیں اور حالیہ ترامیم اسی سلسلہ کی کڑی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سورج کنڈ روڈ پر پی پی 217 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں امیدوار زین قریشی کی انتخابی مہم کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کارنر میٹنگ کا اہتمام کوارڈینیٹر تحریک انصاف ملک نیاز محمد بھٹہ نے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت پر تنقید کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، ریکارڈ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں، اس موقع پر چوہدری خالد مولا،خلیل گجر اور ایوب قریشی نے اپنے ساتھیوں اور اہل علاقہ سمیت مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور زین قریشی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا،کارنر میٹنگ سے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،قیصر بھٹہ،آصف نعیم بھٹہ،یونس ڈویژن،راشد بھٹہ،رانا حیدر علی،با با شہنشاہ نے بھی خطاب کیا، دریں اثنا کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران زین حسین قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تمام جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور بھرپور کامیابی ہوگی، حالیہ انتخابات میں دو بیانیوں کا مقابلہ ہے، 17 جولائی کو عمران خان کے بیانیہ کی جیت ہوگی، اس موقع پرسابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی وٹکٹ ہولڈر شیخ طاہر نے غیر مشروط پور پر مخدوم زادہ زین حسین قریشی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا، زین حسین قریشی نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ اور پارٹی سے بے وفائی کے بعد لوٹے عوام کا سامنا نہیں کرسکتے۔