رشکئی (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ رشکئی اقتصادی زون میں ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں اور تمام رکاوٹوں کو فوراً دور کیا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو یہاں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے دورہ کے دوران جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔قبل ازیں وزیر اعظم نےرشکئی خصوصی اقتصادی زون سائٹ کا دورہ بھی کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں جس میں صنعتی زونز کے قیام کے ذریعے علاقائی تعاون اور صنعت کاری کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم نےچینی کمپنیز کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی کمپنیز ایک دوسرے کا تجربات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبوں میں اقتصادی زونز کی تعمیر ہماری ترجیح ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود، وفاقی وزیر براے اوور سیز پاکستانیز ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام، پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور چینی کمپنی کے نمائندوں اوراعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔