راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس کے ملازمین اوران کے خاندانوں کے لئے بیماری اوربیٹیوں کے جہیز کے لئےویلفیئرفنڈ میں اضافہ کردیاگیا ۔اس حوالے سےپنجاب پولیس ویلفئیررولز2016میں ترمیم کردی گئی ہےجسے آئندہ پولیس ویلفئیر فنڈرولز ریگولیشنز 2022 کہاجائے گا۔ترمیم کے بعد گریڈایک سے 16تک کے تمام پولیس ملازمین جو حاضرسروس یاریٹائرہوں گے کی پہلی دوحقیقی بیٹیوں کو جہیزفنڈ کی مدمیں 60 ہزارروپے اورباقی ہربیٹی کوپچاس ہزارروپے دئیے جائیں گے ،گریڈایک سے 16تک کے تمام پولیس ملازمین جو حاضرسروس یاریٹائرہوں گے جن کی صرف ایک یادوبیٹیاں ہوں ان کے لئے جہیز فنڈکی مد میں 80ہزارروپے ہوں گے ، گریڈ17 اوربالاتر حاضرسروس ،ریٹائرڈ ملازمین کی پہلی دوحقیقی بیٹیوں کیلئے70ہزارروپے اورباقی ہربیٹی کیلئے 60ہزار روپے ملیں گے ،جن کی صرف ایک یادوبیٹیاں ہوں ان کیلئے جہیزمدمیں ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔گریڈایک تا22دوران سروس فوت یاشہید ہونے والے ملازمین کی بیٹیوں کو70ہزارروپے ملیں گے ،جن کی صرف ایک یادوبیٹیاں ہوں ان کیلئے ایک لاکھ روپے ہونگے ،اگراہل کاریابیوہ کابھی انتقال ہوجائے توبیٹی (دلہن )خوداپناکلیم کرسکتی ہے۔ دوران سروس وفات پانےوالے تمام گریڈکے ملازمین کی فیملی کوفوری کفن دفن کے انتظامات کیلئے 50ہزاروپے دئیے جائینگے ،دل کی اوپن ہارٹ میجر سرجری کیلئے ملازم کو2لاکھ روپے اور مائنرسرجری کیلئے ایک لاکھ روپے جبکہ بیو ی بچوں کیلئے اس مدمیں بالترتیب ایک لاکھ اورپچاس ہزارروپے ملیں گے۔ بون میر ٹرانسپلانٹ کیلئے ملازم کوزیادہ سے زیادہ دس لاکھ روپے اوربیوی بچوں کیلئے پانچ لاکھ روپے ،کینسر میں مبتلاملازم کودولاکھ سے پانچ لاکھ تک اورفیملی ارکان کیلئے ایک لاکھ سے اڑھائی لاکھ روپے تک ادائیگی کی جائے گی۔گردہ ٹرانسپلانٹ ،جگر ٹرانسپلانٹ اورمتفرق امراض میں مبتلاپولیس ملازمین کوزیادہ سے زیادہ دس لاکھ روپے اوران کی بیویوں اوردیگراہل خانہ کوگردہ ٹرانسپلانٹ، جگرٹرانسپلانٹ کیلئے پانچ لاکھ روپے تک اور دیگر امراض کیلئے 70 ہزار روپے دئیے جائینگے۔ اس کے علاوہ وظائف کابھی اعلان کیاگیاہے ۔