کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان صوبائی اسمبلی کے ارکان کیلئے نجی تنظیم کی جانب سے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں سالانہ بجٹ اور معیشت کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی قائم مقام اسپیکر سردار محمد بابر موسیٰ خیل تھے جبکہ سیمینار میں صوبائی وزراء انجینئرزمرک خان اچکزئی،مبین خلجی ،ارکان اسمبلی میرظہور بلیدی،ثناء بلوچ،ملک نصیرشاہوانی،اختر حسین لانگو،میر اکبر مینگل،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی،خلیل جارج ،احمد نواز بلوچ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔سیمینار میں بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے متعلق رولز آف پروسیجر،پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز بالخصوص بلوچستان کی معاشی صورتحال،این ایف سی میں بلوچستان کاحصہ ،گزشتہ تین سال میں بلوچستان میں بجٹ کا جائزہ اور صوبائی بجٹ کے حوالے سے سفارشات کے عنوان زیر غور رہے سیمینار میں شرکاء نے اپنی جانب سے معیشت اور بلوچستان کی معاشی صورتحال پرسیرحاصل بحث کی اورتجاویز دیں۔