• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ، 498 رنز کا عالمی ریکارڈ، اننگز میں 26 چھکے

ایمسٹلوین (جنگ نیوز) انگلینڈ نے نیدر لینڈز کی بولنگ تہس نہس کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کے میں تاریخ رقم کردی۔ پہلے ایک روزہ میں تین سنچریز کی مدد سے انگلینڈ نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ 498 رنز کا عالمی ریکارڈز قائم کیا۔ فاتح ٹیم نے کل 26 چھکے لگائے جبکہ اس سے قبل 2019میں انگلینڈ نے ہی افغانستان کے خلاف ایک اننگز میں 25 چھکے لگائے تھے۔ جوز بٹلر، فل سالٹ اور ڈیوڈ ملان نے سنچریاں بنائیں۔ جواب میں ہوم سائیڈ دو گیند قبل 266 پر آئوٹ ہوکر 232رنز سے شکست کھاگئی۔ جمعہ کو نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو اسے ہمیشہ یاد رہے گی۔ انگلش اوپنر جیسن رائے تو صرف ایک ہی رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد میزبان سائیڈ کو سکھ کا سانس لینے کا کوئی موقع نہیں ملا۔مین آف دی میچ جوز بٹلر نے کسی قسم کا لحاظ رکھے بغیر ناقابل شکست 162 رنز بنائے۔ انہوں نے صرف 70گیندیں کھیلیں، 14 چھکے اور سات چوکے لگائے۔ فل سالٹ نے 122 اور ڈیوڈ ملان نے 125 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان اوئن مورگن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ لیام لیونگسٹن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر چھ چھکے اور اتنے ہی چوکے لگاکر 66 رنز بنائے۔نیدرلینڈز کے فلپ بوئزوین نے 108 اور شان اسنیٹر نے 99 رنز دیے۔ جواب میں ناکام ٹیم 266 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ میکس اوڈوڈ 55، اسکاٹ ایڈورڈز 72 اور باس ڈی لیڈے 28 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ معین علی نے تین وکٹ لیے۔

اسپورٹس سے مزید