• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائٹ لسٹ میں واپسی سے اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فاٹف کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ لسٹ میں واپسی سے اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی، بنیادی سیل اور اس میں شامل فوجی و سول قیادت اور ٹیم کی کوششیں قابل تحسین ہیں ، تمام ادارے اور متعلقہ افراد مبارکباد کے مستحق ہیں، حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش، فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعلان ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ الحمد للّٰہ پاکستان کی ’’وائٹ لسٹ‘‘ کی طرف واپسی بڑی کامیابی ہے۔

 وزیراعظم نے تمام حکومتی اداروں، شخصیات اور متعلقہ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی کاوشیں رنگ لائی ہیں، میں وزیر مملکت حناربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاٹف سے متعلق تشکیل کردہ ʼبنیادی سیل، اس میں شامل فوجی اور سول قیادت اور ٹیم کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں، یہ کریڈٹ انہیں جاتا ہے جو مسلسل اس قومی کاوش کے لئے کام کر رہے تھے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ میں پاکستان کی جیت کیلئے کام کرنے والی تمام ٹیم کو پھر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان شا اللّٰہ، ایسی مزید خوش خبریاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی سے معاشی و اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی،ہم سب اسی جذبے سے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید