کوئٹہ(خ ن)صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد صدیق مندوخیل کی زیر صدارت کوئٹہ شہر میں گرین بس سروس میٹرو بس سروس اور ڈرائیور اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ،سیکرٹری پی ٹی اے ظفر کبدانی،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ منظور احمد پہنور، ڈپٹی سیکرٹری محمد عارف ترین،سکیشن آفیسر عبدل،ٹرانسپورٹ آفیسر صابر حسین شاہوانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو سفر ی سہولیات فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت جامع پالیسی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔اس سلسلے میں گرین بس،میٹروبس سروس اور ڈرائیور اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں کمی آئےجبکہ میٹرو بس سروس کی فزبیلٹی اسٹڈی کے حوالے سے محکمہ پی اینڈ ڈی اے رابطہ کرکے پلان مرتب کیاجائےگا۔جس کی کسنلٹنسی کے ذریعے فزبیلٹی اسٹیڈی کروائی جائے گی۔گرین بس سروس کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور تحفظات دور کئے جائیں گے اس کے علاوہ ڈرائیور اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے مشرقی بائی پاس پر 20ایکٹر زمین مختص کیا گیا ہے جس کے لیے سینئر ایم بی آر کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ تاکہ بلوچستان میں ڈرائیوروں کی باقاعدہ تربیت کا انعقاد کرکے مکمل کورس کے بعد انہیں لائسنس جاری کئے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد صدیق مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو لوکل ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جدید خطوط پر استوار کرکے سہولیات فراہم کریں گے تاکہ کوئٹہ شہر دیگر صوبے کے شہریوں کے برابر آجائے۔اس کے علاوہ ڈرائیور اکیڈمی کے قیام سے حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی اور عوام بحفاظت سفر کر سکیں گے۔