• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ اسلام آباد میں عدالتی ہفتے کیلئے مقدمات کی کاز لسٹ جاری

اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ اسلام آباد میں آج پیر سے شروع ہونیوالے عدالتی ہفتے کیلئے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ آج گندم خریداری کے ٹھیکیدار کی محکمہ فوڈز کے ملازمین سے ملی بھگت کرکے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے والے ملزم کی ضمانت سے متعلق کیس اور فیڈرل اردو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال و دیگر کی ضمانت منسوخی سے متعلق نیب کی جانب سے دائر درخواست سمیت دیگر مقدمات کی سماعت ہوگی ۔ کل 21 جون بروز منگل سنگین جرائم کے ملزمان محمد فیصل ، احمد زبیر ، محمد نبی ، یاسر آفتاب ، سید متین احمد و دیگر کی ضمانت سے متعلق دائر درخواستوں ، بلوچستان منرل رولز 2002میں ترمیم کے حوالے سے دائر درخواست اور سمبڑیال میں صحافی کے بہیمانہ قتل پر لئے جانے والے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہو گی۔ بدھ 22 جون کو ای او بی آئی میں غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن کیس میں عدالت عظمیٰ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین ای او بی آئی و دیگر کے خلاف دائر توہین عدالت کیس ، ای او بی آئی میں غیر قانونی بھرتیوں اور میگا کرپشن سے متعلق وسیم رضا بنام پرویز عالم درانی وغیرہ کیس ، احسان الرحمن مزاری کے انتخابی عذرداری سے متعلق کیس ، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں رجسٹریشن سے متعلق دائر مختلف درخواستوں اور کسٹم ڈیوٹی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت ہو گی۔ جمعرات 23جون کو روز مرہ سول ، سروس فوجداری اور دیگر نوعیت کے کیسز زیر سماعت آئیں گے۔ 24 جون کو عجوہ ہائو سنگ سکیم کے مالکان کی ضمانت منسوخی کے لئے نیب درخواست اور سرکاری ہسپتالوں میں پرائیوٹ مریضوں سے فیسوں کی وصولی سے متعلق کیس کی سماعت ہو گی۔
اہم خبریں سے مزید