• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبی، سیلابی ریلے میں مسافر وین بہہ گئی، 4 خواتین سمیت 5 ہلاک

سبی (ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع سبی میں سیلابی ریلا مسافر وین بہالےگیا جس کے نتیجے میں چارخواتین سمیت 5افرادجاں بحق اور 4افراد زخمی ہوگئے ۔وین میں بچوں سمیت 15 سےزائد افراد سوار تھے‘10افراد کو بچالیا گیا‘ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اے پی پی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سبی شہر سے 20کلومیٹر دور کنڈ منڈئی کےبیجی نالے میں ہرنائی سے آنے والے سیلابی ریلے میں غلام بخش مری نامی شخص کی پک اپ گاڑی اتوار کی صبح سویرے الٹ گئی ۔ گاڑی میں سوار غلام بخش مری اور چار خواتین موقع پر جاں بحق جبکہ ایک بچی سمیت 4افراد زخمی ہوگئے ہیں ، دو شدید زخمیوں کو کوئٹہ جبکہ دو کو سول ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا ہے۔ سبی کے ہسپتال میں زیرعلاج زخمی نے بتایا کہ ان کی گاڑی میں 25کے قریب افراد اور مال مویشی سوار تھے ۔ان سے پہلے پانچ گاڑیاں پانی سے گزر گئیں تاہم ان کی گاڑی گزر نہ سکی اور الٹ گئی، زخمی کے مطابق حادثے میں کچھ افراد زندہ بچ گئے ہیں جبکہ کچھ لوگ پانی میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے ہیں ۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار دیگر تمام افراد کو بچالیا گیا ہےاس وقت کوئی بھی لاپتہ نہیں۔ دوسری جانب بارشوں کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال ہے‘بارکھان میں عيشانی باڈیانی ڈیم اوور فلو ہوگیا ہے‘ ڈيرہ بگٹی اور موسیٰ خیل کے بعض علاقے زیر آب آگئے۔ شمال مشرقی بلوچستان میں آج مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان کے ساتھ بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں فلڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید