پشاور(نامہ نگار ) پشاور کے عوام کی سہولت کیلئے ایرانی قونصلیٹ کے باہر سکیورٹی کیلئے رکھی گئی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے کمشنر پشاور ریاض خان محسود کا جرگہ قبول کیا ہے جنہوں نے بہترین انداز میں ہمیں قائل کیاہے ،ان خیالات کا اظہار پشاور میں متعین ایران کے قونصلر جنرل حامد رضا گومی نے اتوار کے روز کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کیساتھ ملاقات میں کیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کمشنر پشاور نے ایرانی قونصلر جنرل سے بات چیت کی تھی کہ یونیورسٹی ٹائون روڈ پر ایرانی قونصلیٹ سے باہر رکھی گئی رکاوٹوں کی وجہ سے روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے انہوں نے قونصلر جنرل کو یقین دہانی کرائی کہ قونصلیٹ کی حفاظت کیلئے بم پروف بیرونی دیوار سرکاری خرچ پر بنائی جائے گی جس پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے قونصلر جنرل نے فوری طور پر رکاوٹیں ہٹانے کا اعلان کیا ،یونیورسٹی ٹائون کے مکینوں کا کہنا تھا کہ 20 سال سے رکاوٹوں کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن چکا تھا اور وہ سخت ذہنی کوفت کا شکار تھے ۔انہوں نے کمشنر اور ایرانی قونصلر جنرل کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے حق میں اظہار تشکّر ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔