کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) امکان ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کا کوئی میچ پنڈی اسٹیڈیم میں نہیں ہوسکے گا۔ سیریز کے میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم میں کرانے پر غور بھی کیا جارہا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پچوں کی تیاری کاکام اگست کے آخر میں مکمل ہوجائے گا۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے وائٹ بال میچ مختلف وجوہ کی بناء پرپنڈی سے لاہور اور ملتان منتقل کردیئے گئے تھے۔ البتہ نومبر دسمبر میں پاکستان انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز میچ کے لئے پنڈی اسٹیڈیم کو میزبانی دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور کے علاوہ ملتان کو بھی ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی دی جاسکتی ہے۔ ملتان نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے تین ون ڈے میچوں کی کامیاب میزبانی کی ہے اس لئے انہیں انگلینڈ کے میچ دیے جائیں گے۔ 2005میں انگلینڈ نے ملتان میں ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہونے والی سیریز کے شیڈول پر دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت آخری مراحل میں ہے انگلینڈ بورڈ کی منظوری سے ٹی ٹوئنٹی میچوں کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ ابتدائی بات چیت میں میچوں کے سینٹرز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم ستمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان پہنچے گی، پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز 15 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ سیریز کو کامیاب بنانے کے لیے ورکنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ رمیز راجاپاک انگلینڈ سیریز کی میزبانی کیلئے پُرجوش ہیں۔ سیریز کے لئے بڑے پیمانے پر انگلش تماشائیوں کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہیں۔