کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل ڈائریکٹر کے عہدے کا اشتہار دیا ہے۔ غیر ملکی شخص درخواست نہیں دے سکے گا۔ ماضی میں پی سی بی میں بڑے عہدوں پر غیر ملکی شہری کام کر چکے ہیں۔ یہ عہدہ طویل عرصے سے خالی تھا۔ نائیلہ بھٹی، صہیب شیخاوربابر حامد کے بعد سلمان نصیر نے قائم مقام پی ایس ایل ہیڈ کے طور پر بہت اچھا کام کیا تھا۔ گذشتہ میٹنگ میں پی ایس ایل فرنچائز نے بھی پی سی بی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کسی ذمے دار کو مستقل پی ایس ایل کا ہیڈ مقرر کریں۔ اس کے اخراجات ہم ادا کرنے کو تیار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے کام سے مطمئن ہیں۔ تاہم رمیز راجا اس عہدے پر مستقل ڈائر یکٹر لانا چاہتے ہیں۔ پی سی بی نے پانچ سے دس سالہ تجربہ رکھنے اور بیچلرز ڈگری کے حامل شخص کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے جس کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ ہو اور وہ پاکستانی شہریت رکھتا ہو۔ پاکستان کرکٹ بورڈ 4 جولائی تک درخواستیں وصول کریگا۔