ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب جدون کی ہدایت پر جعلی مشروبات کی تیاری کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہیں۔تفصیلات کیمطابق بہاولپور روڈ پر واقع جوس فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا۔ مینگو جوس کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس کی ملاوٹ کی جارہی تھی۔ ٹیسٹ کے دوران مشروبات میں برکس ویلیو کی کمی پائی گئی فوڈ لائسنس کے بغیر مشروبات کی غیر قانونی تیاری کی جارہی تھی۔ کارروائی کے دوران 3 ہزار 300 لٹر ناقص اور ملاوٹی مینگو فلیور جوس تلف کردیا گیا۔ مضرصحت مشروبات ملتان شہر اور مضافاتی علاقوں میں کریانہ سٹورز اور ڈرنک کارنرز پر سپلائی کی جانی تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب جدون کا کہنا تھا کہ فوڈ لائسنس کے بغیر خوراک کی تیاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوراک کے نام پر بچوں اور بڑوں کی صحت سے کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔