پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیرستان میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے چار نوجوانوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ جامعہ پشاورپرل لان میں ادا کی گئی جس کا اہتمام اسلامی جمعیت طلبہ نے کیا تھا۔نمازِ جنازہ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور اسفندیار ربانی نے پڑھائی جس میں کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ربانی نے شمالی وزیرستان میں چار امن پسند نوجوانوں کےقتل کی مذمت کی اور کہ ملک میں دہشتگردی کے پے درپے واقعات ریاستی اداروں کی ناکامی ہیں، وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے دعوئوں کے بعد دہشتگردی کے واقعات اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، چار جوانوں کا قتل وفاقی،صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کی نااہلی اور ناکامی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرتے ہوئےدہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئےمربوط عملی اقدامات اٹھائے۔