کوئٹہ (نمائندہ جنگ)پختونخوا میپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ معاشی بحران عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، اگر اسٹیبلشمنٹ کی سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ حقیقت تو مبارکباد دیتے ہیںپاکستان ہمارا ملک ہے ‘ فوج میں تمام اقوام کا مساوی حصہ ہو‘ناروا جنگ مسلط ہونے کے باوجود کبھی بندوق نہیں اٹھائی بلکہ حکمرانوں کو صحیح راستہ دکھایاوہ پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام ہاکی گراؤنڈ میں پشتون قومی سیاسی تحریک کے رہنماء ملی اتل ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پہلی برسی پرجلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہو ں نے کہا کہ ہم شہید عثمان خان کاکڑ کی پہلی برسی ایسے حالات میں منارہے ہیں کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور ایران کی اختیار کردہ پالیسیوں کے نتیجے میں اس خطے کو تشویشناک صورتحال کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں شہید عثمان خان کی برسی پر پاکستان کی سٹیبلشمنٹ اور پاکستان اورایران کے حکمرانوں کو افغانستان سے متعلق اختیار کردہ پالیسیوں کے تباہ کن نتائج پر بات کرنا چاہتا ہوں اور اپنے ملک کے حکمرانوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ افغانستان نے اپنی تاریخ میں کسی کی غلامی قبول نہیں کی ،جب ترکی کے علاوہ تمام اسلامی دنیا پر استعماری قوتوں کا راج قائم ہوا تواس وقت بھی غیور افغانوں نے اپنے استقلال وآزادی کے پرچم کو بلند رکھا۔