اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دوست ملکوں کے ساتھ ملکر ڈس انفارمیشن کے خلاف اقدامات کئے ہیں، ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لئے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،اقوام متحدہ کی متعلقہ کمیٹی کو مسئلہ کے حل کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے دوست ممالک پر مشتمل گروپ آف فرینڈز کے افتتاحی اجلاس سےورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈس انفارمیشن کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے موثر لائحہ عمل بنانا ہوگا، ڈس انفارمیشن آج کے گلوبل دور کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈس انفارمیشن سے آگاہی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جاسکتی ہے، اقوام متحدہ کی متعلقہ کمیٹی کو مسئلہ کے حل کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اور ہمارے لوگ بھی غلط معلومات کی ٹارگٹڈ مہم کا شکار رہے ہیں، معلومات کے موجودہ دور میں غلط معلومات ایک عالمی وبا کے طور پر ابھری ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غلط معلومات کے بے دریغ پھیلائو خاص طور پر آن لائن پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے سماجی انتشار پھیلا اور اس کے ساتھ ساتھ نسل پرستی، امتیازی سلوک، زینو فوبیا اور اسلامو فوبیا کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کی اس وبا کا قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرکے اسے شکست دینا ہوگی اور ہم جامع بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ہی ایسا کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔