اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے سندھ ہائی کورٹ میں 7نئے ایڈیشنل ججوں کی تقرری، لاہور ہائی کورٹ کے 13ایڈیشنل ججوں کی مستقلی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے دو الگ الگ اجلاس طلب کرلئے ہیں۔ تاہم اعلیٰ عدلیہ میں نئی تقرریوں میں کسی بھی خاتون امیدوار کا نام شامل نہیں ہے۔ دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ جج کی خالی نشست کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے جج مسٹر جسٹس شاہد وحید کا نام تجویز کرنے کی اطلاعات گردش کرنے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 28جون کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج کی 7نشستوں کے لئے چیف جسٹس‘ مسٹر جسٹس احمد علی شیخ کی جانب سے بھجوائے گئے 7ناموں پر غور کیا جائے گا۔ جن میں امجد علی بہائیو، سعد قریشی، راشد سولنگی، خادم حسین سومرو، بیرسٹر عبدالرحمان، خرم اور ارباب کے نام شامل ہیں۔