• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے کوئی خاطر خواہ کارروائی نظر نہیںآرہی ہے، شہریوں نے اپنے بچائو کیلئے خود ہی ڈاکوئوں سے نمٹنا شروع کردیا ہے۔

اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی میں لوٹ مار کرنے والے تین ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑلیا اور بدترین تشددکانشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک جبکہ دوڈاکوشدید زخمی ہوگئے ،سچل پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی ڈھائی نمبر یوسی پارک کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے تین ڈاکوؤں کو علاقہ مکینوں نے پکڑلیااور بدترین تشددکانشانہ بنا ڈالا،اس دوران اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بڑی مشکلوں سے تینوں ڈاکوؤں کو عوام کے قبضے سے باہر نکالا تاہم اس دوران ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا .

پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش اور شدید زخمی دونوں ڈاکوؤں کو طبی امداد کیلئے عباسی اسپتال پہنچایا .

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی عمر 20سال کے قریب ہے جبکہ زخمی ڈاکوؤں کی عمریں بھی 18سے 21سال کے درمیان ہے جبکہ تینوں کے پاس سے ایسی کوئی بھی چیز برآمد نہیں ہوئی ہے جس کی مددسے فوری شناخت ہوسکے۔

سچل پولیس نے صفورا گوٹھ وائٹ ہاؤس کے قریب مقابلے کے بعد ایک ڈاکو ضیاءالرحمن کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے ملزم کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال پہنچایا ۔

کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی غوث پاک روڈ فاران اسکول کےقریب فائرنگ سے 27 سالہ دانش ولد محمد زائد جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کاواقعہ دوران ڈکیتی میں مزاحمت پرپیش آیا،مقتول کو ڈاکوئوں نےفائرنگ کرکےقتل کیا،واقعہ کےوقت علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری تھی،مقتول گھر کےقریب علاقےمیں موجود تھا،مقتول ڈرائیورتھا۔گلبرگ میں مسلح ڈاکو کو واردات کرنا مہنگا پڑ گیا۔

 ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈکیتوں نے واردات کے لئے رکے اور شہری سے سامان چھینا شروع کیا .

اسٹریٹ کرائم کی واردات دیکھ کر شہری اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ نکال کر لے آیا اور شہری نے مسلح ڈکیتوں کے سامنے ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔شہری کو فائرنگ کرتا دیکھ کر ڈکیت گروہ کے کارندے اپنے ساتھی کو چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

اس دوران علاقہ مکینوں نے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا اور پول سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا،پولیس کے مطابق پکڑے گئے ڈاکو کے پاس سے ہتھیار بھی برآمد ہوا ہے،پولیس نے بتایا کہ پکڑے گئے ڈاکو کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید