• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک ہمارا، فیصلے آئی ایم ایف کر رہا ہے، سراج الحق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی خودمختاری کا سودا اور نوجوانوں کا مستقبل گروی رکھ دیا۔ ملک ہمارا ہے اور فیصلے آئی ایم ایف کر رہا ہے، حکمرا ن سودی نظام کو تقویت دینے سے باز رہیں، اگر ایسا ہوا تو یہ آئین پاکستان سے بغاوت تصورکیا جائے گا، یہ عجوبہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ حکمرانوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں اور عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کے لئے وسائل دستیاب نہیں۔ حکمران سے کہتا ہوں کہ اپنے اثاثوں کا دس فیصد ہی ملک کو دینے کے لئے راضی ہو جائیں۔ ان ظالموں سے پوچھتا ہوں کہ یہ کب تک عوام کی قربانیاں مانگتے اور ان کا مذاق اڑاتے رہیں گے، کوئی چائے کم پینے کے مشورے دے رہا ہے، تو کوئی کہتا ہے کہ ایک وقت کی روٹی کم کرو۔ غریب اپنا خون بھی ملک کو دے دیں، توحالات ٹھیک نہیں ہو سکتے جب تک یہ ظالم سرمایہ دار طبقہ خود قربانی نہیں دیتا۔ قوم سے کہتا ہوں کہ آیئے مل کر جھوٹ، بددیانتی، گالی اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست کو دفن کریں اور اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلے کے اختتام پر لاہور ریلوے اسٹیشن پر اپنے استقبال کے لئے آئے ہوئے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ان کے ہمراہ تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے ان اطلاعات پر کہ حکومت نے وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین کا اجلاس مشاورت کے لئے منصورہ میں پیر کی صبح طلب کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید