اسلام آباد (حنیف خالد) عالمی منڈی میں چینی کی قیمت تیزی سے کم ہونے لگی ہے‘ 10روز پہلے بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کے ریٹ 570ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئے تھے‘ لیکن جون کے وسط سے لیکر اب تک عالمی منڈی میں چینی کی قیمت تقریباً 30ڈالر فی ٹن کم ہو گئی ہے۔پاکستان میں چینی کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 78.90سے 81روپے کلو تک پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی نئی قسط لینے کیلئے ملکی تاریخ کی بدترین شرائط قبول کرتے چلے آ رہے ہیں‘ اور ابھی تک یہ بات یقینی نہیں کہ ہفتہ رواں میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے‘ کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار میں آنے کے بعد گوادر پورٹ اور کوئٹہ کے دورے کے دوران یہ معنی خیز بات کی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے والا ہے بشرطیکہ کوئی شرط نہ دیدی جائے۔ اس طرح پاکستان اپنی تاریخ کی ایک بدترین معاشی بدحالی کے دور سے گزر رہا ہے اور آئی ایم ایف‘ ورلڈ بینک جس سپر پاور کے اکنامک آرمز ہیں وہ سپر پاور پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کرتی نظر آ رہی ہے۔