• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی حوصلہ افزائی بڑا اعزاز ہے، احمد نواز

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی آکسفورڈ یونین کے صدر منتخب ہونے والے احمد نواز کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے حوصلہ افزائی کرنا کتنے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستانی قیادت نوجوانوں کی حمایت جاری رکھے گی اورانہیں مواقع فراہم کرے گی۔

احمد نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع ملیں تو بے مثال بلندیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے احمد نواز کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی تھی۔

احمد نواز کو دنیا کی انتہائی معتبر اور تاریخ کی قدیم ترین یونیورسٹی آکسفورڈ میں اگست 2020 میں داخلہ ملا تھا۔

2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے وقت احمد نواز کی عمر 14 برس تھی، اسکول پر حملے کے وقت احمد اپنے آپ کو مردہ ہونے کا بہانہ کرکے جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ انہوں نے اپنی استاد کو آگ لگانے کے خوفناک واقعہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔

احمد نواز کو برطانیہ کے شہزادہ ولیم سے کنگسٹن پیلس ’گلوبل لیگیسی ایوارڈ 2019‘ سے نوازا جا چکا ہے۔

کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے بھی احمد نواز کو نوازا جاچکا ہے، امن کے فروغ اور نوجوانوں کوبا اختیار بنانے پر احمد کو اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید