• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے نیٹو کو عالمی سلامتی اور استحکام کیلئے منظم چیلنج قرار دیدیا

کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے مغربی اتحاد کی تنظیم نیٹو کو عالمی سلامتی اور استحکام کیلئے ایک منظم چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کی جانب سے چین کو ایک خطرہ بنا کر پیش کیے جانے کی باتیں بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں اور اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ژائو لی جیان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی سرپرستی میں کام کرنیوالی تنظیم نیٹو خود کو ایک دفاعی گروپ کہتی ہے لیکن حالیہ صورتحال یہ ہے کہ یہ گروپ نئے علاقوں تک وسعت چاہتا ہے، نیٹو کے ہاتھوں پر دنیا کی آبادی کا خون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھل کر یہ کہتے ہیں کہ نیٹو نے چین کے حوالے سے خطرات کی جو باتیں کی ہیں وہ لغو ہیں اور ان سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، نیٹو کو چاہئے کہ وہ بے بنیاد تنقید اور چین کیخلاف ہرزہ سرائی سے باز رہے اور سرد جنگ کے نظریات پر عمل پیرا ہونے سے گریز کرے۔ یاد رہے کہ مغربی اتحاد کی تنظیم نیٹو بنیادی طور پر شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم (NATO - The North Atlantic Treaty Organisation) ہے جسے شمالی اوقیانوسی اتحاد یا اوقیانوسی اتحاد بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو 4اپریل 1949ء کو امریکی دار الحکومت واشنگٹن ڈی سی میں معاہدے کے تحت قائم کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید