• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایاز امیر پر تشدد کیخلاف چکوال اور ڈھڈیال میں احتجاج

چکوال‘ ڈھڈیال (نمائندگان جنگ) نامور صحافی اور سینئر تجزیہ نگار ایاز امیر پر حملے اور تشدد کے خلاف ریجنل یونین آف جرنلسٹس نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس عبدالغفور منہاس نے کی جو بھون چوک سے شروع ہوئی اور چھپڑ چوک پر اختتام پذیر ہوگئی۔ ریلی کے شرکاء نے ایاز امیر پر حملے اور تشدد کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ریلی سے جنرل سیکرٹری چکوال پریس کلب ذوالفقار میر، صدر محمد شفیق ملک، فقیر خالد ملک اور عبدالغفور منہاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایاز امیر جیسی ملکی بلکہ بین الاقوامی صحافتی شخصیت پر حملے سے صحافی برادری میں بے چینی پائی جاتی ہے اور جب تک حملہ آوروں کو گرفتار کر کے انہیں کٹہرے میں نہیں لایا جاتا صحافی برادری چین سے نہیں بیٹھے گی۔ مقررین نے ایاز امیر سے اظہار یکجہتی کیا۔ ریلی میں پیر طارق مرتضیٰ ہاشمی، شفیق ملک، عبدالغفور منہاس، ذوالفقار میر، راجہ ذوالفقار ڈھکو، ثقلین یٰسین، ڈاکٹر اعجاز محمود ، مہران ظفر ملک، عبدالغفار پارس، راجہ عبدالرؤف، فقیر خالد ملک، راجہ افتخار احمد، چوہدری نثار احمد، فیصل انور، اعجاز حسین منہاس، ملک صاحب خان، شوکت نواز کھیڑا اور دیگر نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ڈھڈیال پریس کلب ڈھڈیال (رجسٹرڈ) کے زیراہتمام چوہدری ایاز امیر سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈھڈیال چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ڈھڈیال کے تمام صحافیوں سمیت اہم سیاسی شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ڈھڈیال ڈاکٹر ظہیر احمد خان یوسفی، سینئر صحافی و کالم نگار ڈاکٹر زاہد عباس چوہدری، چوہدری خورشید بیگ، چوہدری وضاحت علی بیگ، طارق جمیل خان، چوہدری ساجد علی بیگ ایڈووکیٹ، چوہدری اعجاز حسین، چوہدری محمد افضل، اور راجہ خالد محمود نے خطاب کیا۔ مقررین نے چوہدری ایاز امیر پر حملے کو بزدلی اور آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ملک بھر سے سے مزید