• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل پر نظر، بابر کا لشکر لنکا ڈھانے کا عزم لئے کولمبو پہنچ گیا

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم کی کپتانی میں لنکا ڈھانے کا عزم لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم بدھ کی شام مشن امپوسیبل پر کولمبو پہنچ گئی۔ بابر کے لشکر کا ہدف عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل تک رسائی ہے۔ پاکستان کو اپنے اس سیزن کے باقی سات میں سے پانچ ٹیسٹ میچز جیتنا ہیں۔ یہ کسی بھی پاکستانی ٹیم کا پانچ سال میں سری لنکا کا پہلا دورہ ہے۔ صبح سویرے قومی اسکواڈ نجی ایئر لائن کی پرواز پر براستہ دبئی کولمبو روانہ ہوا، روانگی سے قبل کھلاڑی ایئرپورٹ لاؤنج میں داخل ہوئے تو شائقین کرکٹ خوشی سے نہال ہوگئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ کچھ نے آٹو گراف لئے۔ امکان ہے کہ پاکستان گال ٹیسٹ میں سلمان علی آغا کو بیٹنگ آل رائونڈرکی حیثیت سے کھلائے گا ۔ سلمان علی آغا پر پنڈی کے کیمپ میں کافی کام کیا گیا ہے۔ انہیں محمد حفیظ کی طرح مڈل آرڈر بیٹر اور آف اسپنر کی حیثیت کا رول دیا جاسکتا ہے۔ ساجد خان کی عدم موجودگی میں سلمان علی آغا واحد آف اسپنر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کی ابتدائی پلاننگ کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق کریں گے۔ اظہر علی ون ڈائون، بابر اعظم چوتھے، فواد عالم پانچویں اور وکٹ کیپر محمد رضوان چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ سلمان علی آغا ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرینگے اور آف اسپنر کی ذمے داریوں نبھائیں گے۔ اگر پچ اسپنرز کے لئے ساز گار ہوگی تو یاسر شاہ کے ساتھ نعمان علی کھیلیں گے۔ اگر پچ میں سیم بولروں کے لئے مدد ہوئی تو شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی اور نسیم شاہ کھیلیں گے۔ اگر اسپن بولنگ کے لئے ساز گار پچ ہوگی تو شاہین شاہ کے ساتھ نسیم شاہ یا حسن علی میں سے ایک فاسٹ بولر کھیلے گا۔ پی سی بی نے لاہور سے براہ راست فلائٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم نے دبئی اور مالے سے کولمبو کا سفر تقریباً سولہ گھنٹے میں طے کیا۔ لاہور سے دبئی میں ٹرانزٹ کے بعد فلائٹ براستہ مالے کولمبو پہنچی۔ پاکستانی کھلاڑی پیر سے کولٹس کرکٹ کلب میں سہ روزہ میچ کھیلیں گے۔ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ ، نعمان علی ،سلمان علی آغا، سرفرازاحمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ بھی شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید