میں جب تین سال کا تھا تو ٹھٹھرتی سردی میں ایک دن دادا نے اسکول میں داخل کروا کر عمر پانچ سال لکھوا دی کہ سرکاری ا سکول میں اس وقت پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کا داخلہ ممنوع ہوتا تھا۔ جب کہ میرا یار جمعہ گُل اپنی اماں کی گرم گود میں بیٹھ کر چائے پراٹھےکھاتا تھا۔
میں ٹاٹ پر بیٹھ کر صبح سے دُوپہر تک الف سے اللہ اور ب سے بکری کے راگ الاپتا رہا اور جُمعہ گُل گلے میں غلیل ڈال کر گاؤں کے درختوں میں پرندے مارتا رہا۔ میں سارا سارا دن اُستاد رحیم گل کی سوٹیاں اپنی پشت پر کھاتا رہا، تاکہ کل کو مُعاشرے میں ایک مقام بنا سکوں اور جُمعہ گُل اپنے باپ کے کندھے پر بیٹھ کر گاؤں کے میلے لُوٹتا رہا۔
ہم ا سکول سے چُھٹی ہونے کے بعد گندم کی کٹائیوں میں اماں کا ہاتھ بٹاتے اور جُمعہ گُل کھیت کی مُنڈیر پر بیٹھ کر جوانی کے گیت گاتا رہا۔
ہم جب آنسو بھری آنکھوں سے جُمعہ گل کی طرف دیکھتےتو دل کا حال جان کر اماں بولتیں۔ بیٹا تم ایک دن بڑا افسر بنے گا اور جُمعہ گل جیسے لوگ تیرے نوکر بنیں گے۔
اسکول سے کالج، کالج سے یونیورسٹی ہماری قسمت میں صرف کتابوں کا ڈھیر چاٹنا رہ گیا۔ جب کہ جُمعہ گُل گاؤں کا لُچا لفنگا بن کر جوانی کے مزے لُوٹتا رہا۔ اِدھر ہم نے پی ایچ ڈی مقالہ جمع کروا کر گویا علامہ بننے کی ٹھان لی تو اُدھر گاؤں میں جُمعہ گُل نے بغل سے پستول کا ہولسٹر ہٹا کر کندھے پر کلاشنکوف رکھنی شروع کردی۔ پھر ہم نے پیچھے کبھی مُڑ کر نہیں دیکھا۔ کہاں کا جُمعہ گُل اور کہاں میں۔
ہم بقول اماں کے واقعی افسر بن گئےاور گاؤں سے ناطہ ٹوٹ گیا۔ اپنی افسری، شہری بیوی اور بچوں میں ایسا کھو گیا کہ یاد بھی نہیں رہا کہ جُمعہ گُل کیا کررہا ہوگا۔ اماں کی باقی ساری باتیں بالکل سچ ثابت ہوچُکی تھی۔بس کبھی کبھار اُن کی یہ بات دل کے دروازے پر دستک دے کر بےچین کر دیتی کہ جُمعہ گُل تمہارا نوکر بنے گا۔
شائد اماں کی بات سے زیادہ یہ خود کی ایک خواہش تھی۔ جو شعور سے لاشعور تک کا فاصلہ پاٹتے ہوئے تحت الشعور میں بیٹھ چکی تھی۔ اور پھر میں کیمبرج میں پڑھتے اپنے بچوں کو ہر وقت یہی راگ سُنانے لگتا کہ بیٹا میری طرح بنو،جُمعہ گُل مت بنو۔میرے بچے مجھ سے پوچھتے کہ پاپا ہُو اِز جمعہ گل؟ اور میرا جواب ہمیشہ یہی ہوتا،کہ میرا نوکر۔
سالوں بعد گاؤں جانا ہوا، بیوی بچے ساتھ تھے۔ گاؤں بھی پھیل کر جیسے چھوٹا سا شہر بن گیا تھا۔ کافی لوگ اب اجنبی تھے میرے لئے۔ ایک دن پیغام آیا کہ جُمعہ گُل نامی بندے نے اہلِ خانہ سمیت دعوت پر بُلایا ہے۔ میرے اندر ایک عجیب سی خوشی در آئی کہ جُمعہ گُل کو دکھاؤں گا کہ پڑھائی لکھائی اور اُستاد رحیم داد کی سوٹیوں نے مُجھے کہاں سے کہاں پُہنچا دیا۔ اور وہ سدا کا لُچا لفنگا آج بھی دو وقت کی روٹی کے لئے مر رہا ہے۔ بیگم کو تاکید کی کہ پانچ ہزار اس کی بیوی کو تھما دینا۔
رات کو اپنی 4000 سی سی گاڑی میں بیٹھ کر جُمعہ گُل کے گھر پُہنچا تو سناٹے میں آگیا۔ شہر میں تین سو گز بنگلے والا افسر چار ہزار گز وسیع بنگلے کو دیکھ کر حیرت سے دانتوں میں اُنگلی دبائے رہ گیا۔ جس پر "جُمعہ گُل پیلس" کا نیم پلیٹ اُس کا مُنہ چڑھا رہا تھا۔ بنگلے کے اندر چار وی ایٹ لینڈ کروزرز ایک شان سے کھڑی تھیں۔ واسکٹ پہنے جُمعہ گُل گرمجوشی سے آگے بڑھ کر میرے گلے لگ گیااور کہنے لگا ڈاکٹر صاب بڑے آدمی بن گئے۔
بُھول گئے ہم جیسے غریب اور ان پڑھ کو۔ میری بیوی اور بچے مُنہ کھولے حیرانگی سے بنگلے کو دیکھ رہے تھے۔ اور جُمعہ گُل بتا رہا تھا، کہ اماں کی دعاؤں سے وہ آج سیاست دان بن گیا ہے۔ جب بھی عدم اعتماد کی ہوا چلتی ہے وہ چالیس پچاس کروڑ بنا لیتا ہے ۔ اچانک میرے بیٹے نے انگریزی میں مُجھ سے پُوچھا کہ بابا یہ وہی جُمعہ گُل ہے جو آپ کا نوکر بن رہا تھا؟ میری خاموشی پر چھوٹے والے بیٹے نے انگریزی میں کہا، بابا میں بھی جُمعہ گُل بنوں گا۔ (عارف خٹک)