• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’گیم ڈیولپمنٹ‘‘ نوجوان، اس شوق کو ہنر میں بدل سکتے ہیں

موجودہ دور کو اگر’’ڈیجیٹل انقلاب ‘‘کا دور کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، جہاں ہر چیز تیزی سے ڈیجیٹل ہوتی جا رہی ہے۔ ایسے میں نوجوانوں کے لیے نئےنئے دروازے کھل رہے ہیں، انہی میں سے ایک نہایت دلچسپ میدان گیم ڈیولپمنٹ ہے۔ یہ ایک ایسا فن ہے جس میں تخلیقی سوچ، ٹیکنیکل مہارت اور صبر کا امتزاج شامل ہے۔

جب ایک نوجوان گیم ڈیولپمنٹ کی طرف قدم بڑھاتا ہے تو وہ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک نئی دنیا تخلیق کرتا ہے، جہاں کردار ہوتے ہیں، کہانیاں ہوتی ہیں، چیلنجز اور کامیابی کی خوشی بھی۔ ڈیجیٹل گیمنگ، وہ کمپیوٹر یا موبائل کھیل ہیں جو انٹرنیٹ یا آف لائن پلیٹ فارم پر کھیلے جاتے ہیں۔ یعنی انٹرنیٹ کے بغیر کمپیوٹر یا موبائل پر اکیلے (Single Player) کھیلے جا تے ہیں۔

گیم ڈویلپمنٹ ایک شوق یا تفریح نہیں بلکہ ایک مکمل انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو استعمال کر کے نہ صرف اپنا مستقبل روشن کر سکتے ہیں بلکہ ملک کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ایک کامیاب گیم بنانے کے لیے مختلف مہارتوں کا ہونا ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ اس شعبے میں ہر قسم کے ٹیلنٹ رکھنے والے نوجوانوں کے لیے مواقع ہیں۔ دنیا بھر میں اربوں ڈالرز کا کاروبار صرف گیمز کے ذریعے ہو رہا ہے، یہ ایک نہیں کئی ہنروں کا مجموعہ ہے۔ اس میں پروگرامنگ، گرافکس ڈیزائننگ، اینیمیشن، ساؤنڈ ڈیزائن اور کہانی نویسی سب شامل ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس شعبے میں ہر قسم کے نوجوان اپنی دلچسپی کے مطابق جگہ بنا سکتے ہیں۔

گیم ڈیزائننگ، میں گیم کی کہانی، کردار اور لیولز تیار کیے جاتے ہیں، گیم پروگرامنگ میں گیم کے تمام فیچرز کو کوڈ کیا جاتا ہے۔ گیمز کے کردار، ماحول اور حرکتیں بنانے کے لیے گرافک ڈیزائنرز کی بہت مانگ ہے۔ گرافکس ڈیزائننگ اور اینیمیشن نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ ایک گیم کی خوبصورتی اور دلکشی کا دارومدار اس کے ویژولز پر ہوتا ہے۔ اسی طرح ساؤنڈ بھی گیم کو مزید بہتر بناتا ہے۔

ایک نوجوان گھر بیٹھے اپنی بنائی ہوئی گیم کو دنیا بھر کے صارفین تک پہنچا سکتا ہے، اس طرح نا صرف وہ کماسکتا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بھی بنا سکتا ہے، گیم ڈویلپمنٹ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاتاہے۔ اگر کوئی نوجوان گیم ڈیولپمنٹ سیکھ رہا ہے تو وہ اپنے سیکھنے کے عمل کو ویڈیوز کی صورت میں شیئر کر سکتا ہے۔

اس طرح وہ نہ صرف دوسروں کو سکھا سکتا ہے بلکہ خود بھی ایک مضبوط کمیونٹی بنا سکتا ہے اگر کوئی نوجوان کوڈنگ میں دلچسپی رکھتا ہے تو وہ پروگرامر بن سکتا ہے، ڈرائنگ اچھی ہے تو وہ گرافکس ڈیزائنر بن سکتا ہے،کہانیاں لکھنے کا شوق ہے تو وہ گیم کی کہانی تیار کر سکتا ہے۔

آج دنیا بھر میں گیم انڈسٹری اربوں ڈالر کی صنعت بن چکی ہے۔ بڑے بڑے ممالک اس شعبے سے خوب کما رہے ہیں۔ نوجوان اگر اس سےنہ صرف اپنی مالی مشکلات حل کر سکتے ہیں بلکہ ایک باعزت مقام بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

ہمارے معاشرے میں اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ گیمز وقت ضائع کرنے کا ذریعہ ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ جو نوجوان صرف گیم کھیلنے تک محدود رہتا ہیں وہ وقت ضائع کرتا ہے، لیکن جو نوجوان گیم بنانے کی طرف جاتا ہے وہ مستقبل بناتا ہے۔

نوجوانوں کے لیے اس میں بے شمار مواقع ہیں۔ مثلاََ فری لانسنگ کا میدان ہے، جہاں گھر بیٹھے دنیا بھر کے کلائنٹس کے ساتھ کام کر سکتے ہیں، چھوٹے چھوٹے گیم پروجیکٹس سے اپنی مہارت بہتر بنا سکتے، اگر کوئی گیم مقبول ہو جائے تو لاکھوں لوگوں تک پہنچ سکتا ہے۔ پھر بڑی گیم کمپنیز میں نوکری کے مواقع بھی ہوتے ہیں، جہاں اپنی مہارت مزید نکھار کر بین الاقوامی سطح پر کام کر سکتے ہیں۔

گیم ڈیولپمنٹ سیکھنے کے لیے ضروری ہےکہ سب سے پہلے پروگرامنگ کی مہارت آنی چاہیے۔ یہ گیم کا دماغ ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گیم انجنز کا استعمال بھی سیکھنا ضروری ہے، کیونکہ یہی وہ پلیٹ فارم ہوتے ہیں جہاں گیم تیار کی جاتی ہے۔ ایک خوبصورت اور دلکش گیم ہی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

لیکن ان سب سے بڑھ کر جو چیز سب سے زیادہ اہم ہے ، وہ ہے تخلیقی سوچ۔ گیم ایسا ہو جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرے۔ اگر ایک نوجوان کے پاس اچھا آئیڈیا ہے تو وہ محدود وسائل کے باوجود بھی کامیاب ہو سکتا ہے۔

یہ فیلڈ نوجوانوں کو خود مختار بناتی ہے۔ روایتی نوکریوں کے برعکس، گیم ڈویلپمنٹ میں نوجوان خود اپنا باس بن سکتا ہے۔ وہ اپنی مرضی کے مطابق پراجیکٹس پر کام کر سکتا، اپنی ٹیم بنا سکتا اور اپنا اسٹوڈیو بھی قائم کر سکتا ہے۔ اس سے اُن میں خود اعتمادی آئے گی اور اپنے فیصلے خود کرنے کا حوصلہ ہوگا۔

پاکستان جیسے ملک میں جہاں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے، وہاں گیم ڈویلپمنٹ ایک امید کی کرن ہے۔ اگر نوجوان اس فیلڈ کی طرف توجہ دیں تو وہ نہ صرف اپنی روزی کما سکتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر بے شمار مفت کورسز، ویڈیوز موجود ہیں جن سے سیکھاجا سکتا ہے۔

ابتدا میں مشکلات آنا فطری بات ہے، ہر نیا کام مشکل لگتا ہے، لیکن جو ہمت نہیں ہارتے وہی کامیاب ہوتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے پراجیکٹس سے آغاز کریں، نوجوانوں کو اگر گیمز کھیلنے کا شوق ہے، تو وہ اسے ہنر میں بدل سکتے ہیں۔ کامیابی کے لیے محنت، مستقل مزاجی اور سیکھنے کا جذبہ بہت ضروری ہے۔ نئی ٹیکنالوجیز سیکھنا، جدید ٹرینڈز کو سمجھنا اور خود کو اپ ڈیٹ رکھنا اس فیلڈ میں کامیابی کی کنجی ہے۔

نوجوان سے مزید