کراچی( اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) آ ئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی کاؤنٹ ڈاؤن کی تقریب میلبورن شہر کے قلب میں سجائی گئی۔آسٹریلیا نے اچھوتے انداز سے 100 روزہ کائونٹ کا آغاز کردیا۔ منتظمین نے منفرد طریقہ اختیار کرتے ہوئے میلبورن کرکٹ گرائونڈ کی ٹرف شہر کے مرکز میں عارضی طور پر نصب کی، جہاں ایرون فنچ اور دیگر کھلاڑیوں نے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی،تقریب میں پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے بھی شرکت کی۔کرکٹ گراؤنڈ میں سابق اور موجودہ کرکٹرز نے ورلڈ کپ ٹرافی ٹورکا آغاز کیا۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے خواتین پلیئرز کے ساتھ ٹرافی کی رونمائی کی۔ اس موقع پرسابق کرکٹرز ، شین واٹسن اور ایلبی مورکل بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہوگا۔ ورلڈ ٹی 20 ٹرافی اب گلوبل دورے پر روانہ ہوگی۔ پاکستان بھی آئے گی۔ٹرافی ٹور چار براعظموں کے 13 ممالک میں 35 مقامات کا دورہ کرے گا، جو پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ورلڈ کپ کی ٹرافی پہلی بار فجی، فن لینڈ، جرمنی، گھانا، انڈونیشیا، جاپان، نمیبیا، نیپال، سنگاپور اور وانواتو بھی جائے گی۔ اس موقع پر وقار یونس نے کہا ہے کہ 100 روزہ کائونٹ ڈائون میں بلانے پر میں آئی سی سی،کرکٹ آسٹریلیا اور میلبورن کر کٹ حکام کا مشکور ہوں۔